امن کے قیام کے لیے اقوام इمتحدہ کا کردار بہت اہم ہے

اقوام متحدہ کے ذریعے عالمی مسائل پر گفتگو اور اور حل کے طریقوں کو سمجھنے کے لیے شبلی کالج کے شعبہ قانون کے طلبہ کا ماڈل یونائیٹڈ نیشن کے عنوان سے ایک پروگرام ہوا۔
پروگرام کے مہمان خصوصی چیرمین ایم اے سٹی مکیش کمار سنگھ تھے۔
پروگرام کا آغاز محترمہ کنچن یادو صاحبہ کی نظامت سے ہوا۔ سب سے پہلے کالج کے پرنسپل پروفیسر افسر علی نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور طلبہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
اس کے بعد ماڈل یونائیٹڈ نیشن کا پروگرام شروع ہوا۔ پروگرام کا بنیادی موضوع: روس یوکرین جنگ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں تھا۔ سکریٹری جنرل کے فرائض محمد اختر اور صدر کے فرائض ارمان احمد نے ادا کیے۔
اس پروگرام میں شعبہ قانون کے سو کے قریب طلبہ نے تقریباً پچیس ممالک کے نمائندوں کا کردار ادا کیا۔
مہمان خصوصی جناب مکیش کمار سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانی حقوق سب کے لیے یکساں ہیں۔ کسی خاص، ملک، طبقے یا ذات کے لیے مخصوص نہیں ہیں۔ انسان روس میں مریں یا یوکرین میں، ہماری تکلیف یکساں ہونی چاہیے۔ یہ سوچ کتابوں کے زیادہ سے زیادہ مطالعہ سے پیدا ہوتی ہے۔ آپ نے اس بات پر زور دیا کہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ اس سے صلاحیتیں نکھرتی ہیں۔ اگر ان پروگراموں سے فائدہ اٹھائیں گے تو یہاں سے پڑھ کر نکلنے کے بعد سماج میں آپ اپنے آپ کو اونچے مقام پر پائیں گے۔
آخر میں صدر شعبہ نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ آپ نے اس موقع پر پرنسپل پروفیسر افسر علی کا اس طور پر شکریہ ادا کیا کہ ان کی مدد اور تعاون سے شعبہ میں کئی ایک پروگرام کامیابی سے ہوئے۔
آپ نے طلبہ کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے محنت کی اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اس پروگرام کی کامیابی میں شعبہ کے اساتذہ کی سخت محنت شامل رہی، بالخصوص پروفیسر خالد شمیم، ڈاکٹر حارث عمر، ڈاکٹر عارف جمال، ڈاکٹر ضویا، ڈاکٹر کلیم احمد، محترمہ کنچن یادو، محترم محمد عاقب اور محترم نارائن بھاردواج۔
واضح رہے کہ شعبہ قانون کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے متنوع پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے جس میں طلبہ ذوق وشوق سے حصہ لے رہے ہیں۔




